کابل28جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افغانستان میں مہاجرین کی بڑے پیمانے پر واپسی سے افغان حکومت کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطابق بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے یہ مشکلات مستقبل میں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ سن 2016میں سات لاکھ ایسے افغان مہاجرین وطن لوٹے، جو مختلف ممالک میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ اسی طرح نصف ملین افغان ملک کے اندر بھی بے گھر ہیں۔ اس صورتحال میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کابل حکومت کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے ایک خطیر رقم کی ضرورت ہو گی۔ گزشتہ ہفتے ہی اقوام متحدہ نے اس ضمن میں 550ملین ڈالر کی امداد کی اپیل جاری کی تھی۔